ایک نیوز نیوز: انگلینڈ کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کراچی پہنچ گئی۔
کراچی ائیرپورٹ پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیداران نے انگلش ٹیم کا استقبال کیا۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ایئرپورٹ سے خصوصی بس کے ذریعے ہوٹل پہنچایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈنےہوم گراؤنڈ پرانگلینڈ کی میزبانی کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ایک دن آرام کےبعد انگلینڈ کی ٹیم کل بروز جمعہ سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔پاک انگلینڈ ٹی20 سیریز کا آغاز20 ستمبر کو کراچی سے ہوگا۔ اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل ہیں۔ دونوں ٹیمیں16ستمبر سے پریکٹس کا آغازکریں گی۔
7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ابتدائی 4 میچز20 ،22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جب کہ باقی 3 میچز 28 ، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے۔
انگلینڈ اس سال نومبر اور دسمبر میں 3 ٹیسٹ میچوں کے لیے بھی پاکستان کا دورہ کرے گا جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیہلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ملتان جائیں گی جہاں دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کا میزبان کراچی ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 17 سے 21 دسمبر تک مدمقابل ہوں گی۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ سیریز عالمی کرکٹ شائقین کی توقعات پر پورا اترے گی جو مسابقتی اور سنسنی خیز میچ دیکھنا اور ان سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ یادرہے رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے گزشتہ سال پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تھا۔