محمد حفیظ کرکٹرز کا مقدمہ وزیر اعظم کے سامنے پیش کریں گے

محمد حفیظ کرکٹرز کا مقدمہ وزیر اعظم کے سامنے پیش کریں گے
(ایک نیوز نیوز) محمد حفیظ بے روزگار کرکٹرز کا مقدمہ وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی وجہ سے بہت زیادہ بے روزگاری ہوئی، ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا ختم ہونا بڑا دھچکا ہے، ہمارے ساتھ کھیلنے والے کئی کرکٹرز بہت تکلیف میں ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے والے معاون اسٹاف کے ارکان بھی مشکلات کا شکار ہیں، بورڈ متبادل سسٹم تیار کرے پھر پہلے والے کو ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ کرکٹرز ٹیکسی چلا رہے ہیں، میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بڑی عزت کرتا ہوں، کسی کھلاڑی کو راتوں رات پی سی بی کا کنٹریکٹ نہیں مل سکتا، کلب سے لے کر اوپر تک کئی مراحل ہیں، اس دوران بھی ضروریات ہوتی ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ڈپارٹمنٹس کا اس ضمن میں اہم کردار تھا، مجھے 2000 میں کنٹریکٹ نہ ملتا تو گھر کیسے چلاتا، اچھے بیٹ، گلوز اور دیگر سامان کہاں سے خریدتا، دیکھا جائے تو رواں سال کنٹریکٹ پانے والے 192 کرکٹرز بھی تو ختم کیے جانے والے اسی سسٹم سے آئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کی آبادی ہم سے کم لیکن وہاں18 ٹیمیں کھیل سکتی ہیں تو پاکستان میں صرف6 کیوں؟ 22 کروڑ عوام میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ صرف چند صوبائی ٹیموں میں نہیں سمویا جا سکتا، میرے دل میں متاثرہ کرکٹرز کے لیے بڑا درد ہے۔ پوری کوشش کروں گا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے ان کے سامنے یہ کیس پیش کروں۔