ایک نیوز: صدر آصف علی زرداری سے چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور چین نے معیشت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں سٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک نےپاک،چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، صدر ِمملکت نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا، پاک ،چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے، صدر مملکت کا تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کیلئے ہمہ موسمی سڑکوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور ۔
صدر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے،سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے بھرپور استفادہ کرنے کا وقت آ گیا ہے، نومبر میں چین کا دورہ کروں گا ،پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے ، تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کا منتظر ہوں، صدر مملکت نے ملاقات کے دوران اپنے سابقہ دور حکومت میں چین کے دوروں پر روشنی ڈالی۔
صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا ، صدر مملکت نےچین کے تمام بنیادی امور بشمول تبت، بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا، پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدر آصف علی زرداری کی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ، پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوںنے مزید کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا،امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے، چینی وزیر اعظم نے "ون چائنا" پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہا۔