دوسرے ٹیسٹ سے قبل کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ دیدی گئی 

Oct 15, 2024 | 12:47 PM

ایک نیوز: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ دیدی گئی ۔
کامران غلام پاکستان کیجانب سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے 257 ویں کھلاڑی بن گئے، ملتان ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل کامران غلام کو وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیپ پہنائی، ٹیم مینجمنٹ نے کامران غلام کو بابر اعظم کی جگہ قومی سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے،قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر ابھی تک 80رنز بنائے ہیں۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز ہے ، ہم سب بہت زیادہ پرجوش ہیں، ہمارے پاس اچھے سپنرز ہیں ،ٹیسٹ میں جیت کے لیے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں۔
انگلش کپتان بین سٹوکس کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے ، پہلے ٹیسٹ میں اچھی کامیابی ملی ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔

مزیدخبریں