ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات طلب کرلیں ۔
غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں پر پلاٹ فائل بیچنے کی پابندی کی تجویز کا بھی جائزہ لیا،ڈی جی ایل ڈی اے کو 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی،لاہورمیں روڈز کے گڑھے پر کرنے کیلئے ترقیاتی اداروں کوباہمی اشتراک کے ساتھ جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ اورسی ایم انیشیٹو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نوازکو لاہور شاپ اینڈڈراپ ٹرام وے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی،8کلو میٹر طویل ٹرام کلمہ چوک، مین بلیوارڈ،حسین چوک،ایم ایم عالم روڈ،منی مارکیٹ اوردیگر علاقوں سے گزرے گی۔
5ٹرام بیک وقت چلائی جائیں گی، ہرسٹاپ پر ہر دو منٹ کے بعد ٹرام میسر ہو گی، کریم بلاک تا موٹر وے خصوصی روڈ کی تعمیر کے پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، داتا نگر فلائی اوور خستگی کے پیش نظر گرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایل ڈی اے روڈ نیٹ ورک ری سٹرکچرنگ پلان بھی پیش کیاگیا ،اجلاس میں سینیٹر پر و یز رشید،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہدبخاری،وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری،سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی ایل ڈی اوردیگر ارکان بھی موجود تھے۔