ایک نیوز :سابق باکسر عامر خان نے اسرائیلی جارحیت سے مظلوم فلسطینیوں کی بے تحاشا اموات پر مشہور شخصیات کی خاموشی کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا ہے۔
عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متعدد ٹویٹس کی ہیں جس میں فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں عامر خان نے لکھا کہ چند روز کے اندر دو ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں پانچ سو بچے اور تین سو عورتیں شامل ہیں، دونوں طرف کے لوگوں کیلئے دعائیں کرنے سے بات نہیں بنے گی۔ ہمیں غاصب اور مظلوم میں فرق کرنا چاہئے، ہر موت کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں اور اس پر خاموش رہنا نہایت شرمندگی کی بات ہے۔
عامر خان نے اس سنگین انسانی المیے پر خاموش رہنے والی مشہور شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم موقع پر ان کی خاموشی بھی دہشت گردی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا بھر کی معروف شخصیات کو فلسطینیوں کی حمایت سے کیا چیز روک رہی ہے، کیا انہیں اپنے دوست یا ڈالر کھونے کا ڈر ہے۔
باکسر عامر خان نے اسرائیلی جارحیت پر خاموشی کودہشتگردی‘ قرار دے دیا
Oct 15, 2023 | 22:41 PM