ایک نیوز :سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کاکہنا ہے کہ عمران خان کی کوتاہیوں اور غلطیوں کی ٹوکری ہم نے اٹھائی۔ہم ملک نہ سنبھالتے تو ملک کے ایٹمی پروگرام کو خطرہ تھا۔
سابق وفاقی وزیر اور جنرل سیکرٹری ن لیگ احسن اقبال کا شکر گڑھ نورکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہنا تھاکہ دنیا کی ہمارے ایٹمی پروگرام پر نظریں ہیں۔ملک کی فوج ایٹمی پروگرام کی حفاظت کر رہی ہے۔ایٹمی پروگرام کو کوئی خطرہ نہیں۔دشمن کو باور ہوا کہ ایٹم بم کا کاکنٹرول فوج کے پاس ہے تو 9 مئی کی سازش ہوئی۔سازش کے تحت پاکستانی فوج اور عوام کو لڑایا گیا۔پی ٹی آئی اورعمران خان عالمی طاقتوں کے آلہ کار بنے ۔ملک کی سلامتی کے اداروں پر حملے کرکے دشمن کو خوش کیا گیا۔9مئی کو پی ٹی آی نے شہیدوں کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر وہ کام کیا جو انڈیا نہ کر سکا۔
احسن اقبال کاکہنا تھاکہ ملک میں مارشل لاء سے سیاسی جماعتوں کو نقصان ہوا۔مگر کسی نے فوجیوں پر حملہ نہیں کیا۔ فوج ہماری سلامتی کا ادارہ ہے۔ عمران خان کااقتدار اسکے فیصلوں اور ساتھیوں نے ختم کیا۔عمران کا اقتدار فوج نے نہیں اسکے اتحادیوں نے ختم کیا۔اتحادی بوجھ اٹھانے کی بجائے 24گھنٹوں میں پیچھے ہٹ گئے۔
عمران نے اقتدار سے نکلتے ہی اپنے محسنوں پر حملہ کردیا۔
سابق وفاقی وزیر کاکہنا تھاکہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ایسے ”را “بھی نہیں چلا تی۔پوری دنیا میں ملک عزیز کے خلاف پی ٹی آئی نے مہم چلائی۔عمران اناڑی تھا ملک کی تباہی کرکے خود جیل چلا گیا۔مجھے سپورٹس کمپلیکس بںانے پر جیل میں ڈالا گیا۔جھوٹے کیسز میں ن لیگ کو جیلوں میں ڈالا گیا۔ہم نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔