سیکیورٹی فورسزکی کارروائی،کالعدم بی ایل اے کااہم سرغنہ ساتھی سمیت ہلاک

Oct 15, 2023 | 12:24 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (عبدالمجید بریگیڈ) کے اہم سرغنہ کو ساتھی سمیت جہنم واصل کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان دشمنوں کی جانب سے دو دہائیوں سے مسلط کی گئی دہشتگردی کی جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف دہشتگرد گروپوں میں شامل دہشتگردوں کی بڑی تعداد کو جہنم واصل کیا۔

اعداد و شمار کا جائزہ لیاجائے تو؛ ”ہلاک کئے جانے والے دہشتگردوں میں بڑی تعداد براہ راست پاکستانیوں پر حملے کرنے والے دہشتگردوں کی ہے، جس کی وجہ سے دہشتگرد گروپوں کے درمیان اختلافات بڑھ چکے ہیں“۔

بلوچ لبریشن آرمی اور ان کی آقا بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ بی ایل اے کی نچلے درجے کی بزدلانہ دہشتگردی کی کارروائیوں کو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کی صورت میں بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔ہلاک دہشتگرد صدام حسین مسلم، گرو اور جبار جیسے ناموں سے بھی جانا جاتا تھا۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بی ایل اے کے دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران دہشتگرد صدام حسین مسلم اور اس کا ایک اور ساتھی دہشتگرد مقصود مارا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا ہے۔

انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مارا جانے والا کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا دہشتگرد صدام حسین 2008 میں بلوچ لبریشن فرنٹ کاحصہ بنا، اور اس نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال اوربارودی سرنگیں نصب کرنے کی تربیت بلوچستان کے علاقے مشکے میں قائم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے دہشتگرد ٹریننگ کیمپ میں حاصل کی۔

2014 میں دہشتگرد صدام حسین کالعدم بلوچ لبریشن آرمی میں شامل ہو گیا جسے 2017 ء میں ضلع کیچ میں خفیہ تربیتی کیمپ کا کمانڈر اور 2021ء میں اسے مقامی کمانڈر بنا دیا گیا۔

2016ء سے اب تک دہشتگرد صدام حسین جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 93 دہشتگردی کی وارداتوں بشمول گرنیڈ حملے، بارودی سرنگوں کے حملے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔ ان حملوں میں 131 معصوم لوگوں کی جانیں گئیں جبکہ 177 لوگ زخمی بھی ہوئے۔

ستمبر 2023 ء میں دہشتگرد صدام حسین ہیڈ کوارٹر ایف سی بلوچستان پر بھی حملے میں ملوث رہا۔

دہشتگرد صدام بلوچستان کے ضلع کیچ میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں اور ضلع میں نوجوانوں کو دہشتگرد گروپوں میں شامل کرنے کے حوالے سے اہم کردار تھا۔

دہشتگرد صدام حسین کیخلاف گوادراور تربت میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں جبکہ دہشتگرد صدام حسین بلوچستان کے ضلع کیچ میں متعدد دہشتگرد سیل بھی چلا رہا تھا۔

دہشتگرد صدام صوبے کے معصوم نوجوان کونام نہاد آزادی بلوچستان کے ایجنڈے کے تحت ورغلا کر دہشتگردانہ کارروائیوں کا حصہ بناتا تھا۔

بلوچ لبریشن آرمی(عبدالمجید بریگیڈ) کے دہشتگرد صدام حسین کی ہلاکت اس دہشتگرد تنظیم کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے۔

دہشتگرد صدام حسین کی ہلاکت سے علاقے میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں پردو رس اثرات مرتب ہونگے اور علاقے میں امن و استحکام واپس لانے میں بڑی مدد ملے گی۔

مزیدخبریں