ایک نیوز: لاہور میں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق قرطبہ چوک، جیل روڈ، کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
جیل روڈ پر 8، گلبرگ میں 11 اور لکشمی چوک میں 10، اپرمال میں 5، مغلپورہ میں 14، تاجپورہ میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی، نشتر ٹاؤن میں 6 ، چوک ناخدا میں 4، پانی والا تالاب میں 10، فرخ آباد میں 5، گلشن راوی میں 15، اقبال ٹاؤن میں 15، سمن آباد میں 7 ،جوہر ٹاؤن میں 5، قرطبہ چوک میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات نے 17 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔
ادھر اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش، چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، خیبر پختونخوا،بالائی پنجاب اور میدانی علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کی جانب سے فضائی آلودگی پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائیوں بھی جاری ہیں۔
لاہور میں 48 گھنٹوں کے دوران 112 انڈسٹریل یونٹس کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 42 کو سیل اور 72 کو نوٹسز جاری کئے گئے۔
ڈی جی ماحولیات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران 1797 انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن کی گئی، 765 کو نوٹسز،433 کو سیل اور انڈسٹریل یونٹس کو7 کروڑ 52 لاکھ جرمانہ کیا گیا۔
ظہیرعباس نے کہا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، اسموگ کنٹرول سسٹم لگائے بغیر کسی یونٹ کو آپریٹ نہیں کرنے دیا جائے گا۔