ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے دونوں فارمیٹ کے نئے کپتانوں کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا ہے۔ ون ڈے ٹیم کےکپتان کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔
34 سالہ شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 4 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1597 رن بنائے ہیں۔
شان مسعود کو آئی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کے اختتام تک قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہے جو 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔
دوسری جانب لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری 12 سے 21 جنوری تک نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔
شاہین آفریدی 52 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 64 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور ان کی قیادت میں لاہور قلندرز نے پی ایس ایل ٹرافی لگا تار دو سال 2022 اور 2023میں جیتی ہے۔
پی سی بی کے مطابق مکی آرتھر سمیت تمام کوچز کو ہٹادیا۔ کوچز کو عہدوں سے فارغ نہیں کاجارہاہے صرف ذمہ داریاں بدلی ہیں۔کوچزنیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کریں گے ۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا اعلان جلد کردیاجائے گا ۔
پی سی بی ترجمان کاکہنا تھاکہ بابراعظم کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نےپی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا۔
بابر اعظم نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی پرفارمنس جاری رکھوں گا ، وائٹ بال کرکٹ میں نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا،کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے۔