اڈیالہ جیل قیدیوں کی عدالت حاضری ویڈیو لنک پر کرانے کی ہدایت

Nov 15, 2023 | 16:06 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے اڈیالہ جیل سے قیدیوں کی اسلام آباد کی عدالتوں میں حاضری ویڈیو لنک سے لگانے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے اسلام اباد کی اپنی جیل کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی زیر صدارت اڈیالہ جیل سے قیدیوں کی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشیوں کے طریقہ کار سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری قانون، اسلام آباد کے سیشنز جج، چیف کمشنر اسلام اباد، آئی جی اسلام آباد، ڈی ائی جی جیل خانہ جات اور سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اڈیالہ جیل سے روزانہ 15 سے 20 گاڑیاں قیدیوں کو اسلام آباد کی عدالتوں میں لاتی ہیں جن پر ماہانہ کروڑوں روپے خرچ آتا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے قیدیوں کو اسلام آباد لانے سے روکتے ہوئے ہدایت کی جن قیدیوں کی اسلام آباد کی عدالتوں میں محض حاضری مطلوب ہو، انہیں وڈیو لنک کے ذریعے اڈیالہ جیل سے ہی حاضری کیلئے عدالتوں میں پیش کردیا جائے۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری قانون اور چیف کمشنر اسلام آباد نے اسلام آباد کی اپنی جیل سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے اگاہ کیا کہ جیل کی تعمیر میں تاخیر کے باعث لاگت 10 گنا بڑھ چکی ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام اباد کی اپنی جیل کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں