پنجاب، سندھ کے وزراء اعلیٰ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

پنجاب، سندھ کے وزراء اعلیٰ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: Chief Ministers of Punjab, Sindh meet, discuss important issues

ایک نیوز: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی ہے۔ جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں گنے کی قیمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے گنے کی قیمت 400 روپے فی من مقرر کی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے غور و فکر کے بعد گنے کی قیمت 425 روپے فی من مقرر کی ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ میں گنے کی کاشت پر پنجاب کے نسبت زیادہ خرچہ ہوتا ہے، گندم کی بمپر کراپ کیلئے بھی آبادکاروں کو 4000 روپے فی من قیمت کو برقرار رکھا ہے۔ 

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں وزراء اعلیٰ نے شہر کراچی کے مختلف منصوبوں سے متعلق بات چیت کی۔ محسن نقوی نے بتایا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم جلد شہر کراچی کا دورہ کرے گی، ایل ڈی اے ٹیم کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران سے ملاقات کرے گی۔

ترجمان نے کہا کہ ملاقات کے دوران کچے میں آپریشن کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں نگران وزراء اعلیٰ نے اتفاق کیا کہ سردیوں کے آنے سے دریا میں پانی کی مقدار کم ہو رہی ہے، جلد ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا جائے۔ 

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچے میں مشترکہ آپریشن کیلئے ضروری اسلحہ کا بندوبست کیا گیا ہے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے آئی جیز جیسے ہی تیاریوں کو مکمل قرار دیں گے تو آپریشن شروع کریں گے۔