ایک نیوز: عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز کرپشن اسکینڈل کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کیسز کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے کوئی بھی وکیل پیش نہ ہوا۔
نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر عرفان بھولا، پراسیکوٹر سہیل عارف، تفتیشی افسر میاں عمر اور محسن ہارون عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کہاں ہیں بشری بی بی کے وکلاء۔ جس پر ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں اس کیس میں سردار لطیف کھوسہ صاحب وکیل ہیں۔
عدالت نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی آیا نہیں ہے تو سماعت پھر جمعہ کو رکھ لیں؟ عدالت نے کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی۔ 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کیسز بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں 17 نومبر تک توسیع کردی گئی۔