ایک نیوز نیوز: (مظہر اقبال ) نئے آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والی تحریک انصاف کا یوٹرن لے لیا ہے۔پارٹی قیادت نے نئے آرمی چیف کا خیرمقدم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔مستقبل میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات کے خاکے کی تیاری بھی شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے نئے آرمی چیف کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے نئے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اور سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو نئے آرمی چیف کے ساتھ رابطے کا خصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔
اسٹبلشمنٹ کے ساتھ آئندہ کے تعلقات کا خاکہ تیار کرنے کے لئے ڈاکٹر شیریں مزاری کی سربراہی میں خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی منظوری کے بعد پارٹی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ آئندہ کے تعلقات سے متعلق خاکے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ڈاکٹر شیریں مزاری کی سربراہی میں قائم کی گئی ٹیم آئندہ ہفتے چیئرمین عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ آئندہ کے تعلقات کے خاکے کا بلیو پرنٹ پیش کردے گی۔