طالبان سپریم لیڈر نے شرعی قوانین کے مکمل نفاذ کے احکامات جاری کر دیئے

Nov 15, 2022 | 16:08 PM

ایک نیوز نیوز: طالبان ترجمان کے مطابق افغانستان کے سپریم لیڈر نے ججوں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شرعی قوانین مکمل طور پر نافذ کئے جائیں، جن میں سرعام پھانسی دینا، سنگسار کرنا، کوڑے مارنا اور چوروں کے اعضا کاٹنا شامل ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے یہ حکم ان کے ججوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے بعد جاری ہوا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے اخوندزادہ کے حکم کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ چوروں، اغوا کاروں اور بغاوت کرنے والے کی فائلوں کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ فائلیں جن میں حدود اور قصاص کی تمام شرعی شرائط پوری کی گئی ہیں، تمام لوگ ان پر عمل کرنے کے پابند ہیں، یہ شریعت اور میرا حکم ہے جو سب پر واجب ہے۔

اسلامی قوانین کے تحت حدود سے مراد ایسے جرائم ہیں جن کی سزائیں لازمی ہیں جبکہ دوسری جانب قصاص سے مراد ’بدلہ‘ ہوتا ہے، مثال کے طور پر اگر ایک شخص نے دوسرے شخص کی آنکھ ضائع کردی ہے یا نقصان پہنچایا ہے تو بدلے کے طور پر جرم کرنے والے شخص کی بھی آنکھ ضائع کی جائے گی۔

حدود کے جرائم میں زنا، کسی پر جھوٹا الزام عائد کرنا، شراب پینا، چوری، اغوا، ڈکیتی، انحراف اور بغاوت کرنا شامل ہے۔

قصاص کے جرائم میں قتل اور جان بوجھ کر زخمی کرنا یا چوٹ پہنچانا شامل ہے لیکن یہ متاثرین کے اہل خانہ کو سزا کے بدلے معاوضہ قبول کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔

مزیدخبریں