ایک نیوز :چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے 9 مئی کے پرامن احتجاج میں شہید ہونیوالے کارکنوں کی زمان پارک میں غائبانہ نمازِ جنازہ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج مغرب کے بعد زمان پارک میں تمام شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی،یہ لوگ صرف اپنے حقوق کی خاطر پرامن احتجاج کیلئے نکلے تھے جن کو سیدھی گولیاں ماری گئیں،گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے بے شمار لوگ ابھی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ افسوس یہ ہے کہ اس پر کوئی تحقیقات نہیں کی جا رہیں،دنیا میں کوئی اپنے لوگوں پر اس طرح گولی چلانے کی اجازت نہیں دیتا،فرانس میں مظاہرین پولیس پر پٹرول بم پھینکتے ہیں لیکن کوئی گولی نہیں چلتی کیونکہ وہ آزاد ملک ہے،ہم سب نے آج اپنے شہدا کیلئے مغرب کے بعد یہاں جمع ہونا ہے اور ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنی ہے۔