ایک نیوز :پاکستان میں کئی دن بعد سوشل میڈیا ایپس بحال ہوگئیں ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پر تشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے، جس کے باعث امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے وزارت داخلہ کے حکم پر پہلے انٹرنیٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد تمام ایپس بھی بند کر دی گئی تھیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی تھی مگر سوشل میڈیا ایپس (ٹویٹر ، یوٹیوب اور فیس بک)کو بدستور بندش کا سامنا رہا۔صارفین لینڈ لائن انٹرنیٹ سے سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا سہارا لے رہے تھے۔تاہم اب ملک بھر میں سوشل میڈیا کو بحال کردیا گیا ۔
اس حوالے سے پی ٹی اے نے بھی واضح کیا کہ سوشل میڈیا سائٹس فیس بک، ٹوئٹر اور یو ٹیوب کی سروسز کو بحال کردیا گیا۔ پی ٹی اےکے مطابق ملک بھرمیں موبائل براڈ بینڈ سروس بحال ہے، انٹرنیٹ سروسز پر پابندی کی کوئی ہدایت نہیں ملی ہے۔