ایک نیوز: سی ٹی ڈی نے مختلف شہروں میں آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نےملک کے مختلف علاقوں میں کئے گئے 248 آپریشنز میں 51 مشتبہ افراد گرفتار کرلئے ہیں۔ سی ٹی ڈی نے بنوں،سرگودھا ،راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کرتے ہوئے کالعدم داعش اور کالعدم ٹی ٹی پی کے 5دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہےجبکہ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور دھماکا خیز مواد کے علاوہ اسلحہ برآمد کرلیا گیاہے۔گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں سلمان شیرزمان ملک اسرار اور شیرخان شامل ہیں ۔
سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے شہید ڈی ایس پی اقبال مہمند پر حملے میں ملوث پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔چھاپے کے دوران شوکت اللہ ولد غلام محمد سکنہ بانڈہ پائندہ خان کو گرفتار کیا گیا۔دوران تفتیش دہشت گرد نے سی ٹی ڈی پولیس کو بتایا کہ وہ ڈی ایس پی اقبال مہمند پر حملے میں ملوث تھا۔30 مارچ کو نامعلوم دہشت گردوں کے بم حملے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند 3 گارڈز سمیت شہید اور 6 اہلکار زخمی ہوئے۔دہشت گرد سے برآمد ہونے والے اسلحے اور موبائل ڈیٹا کے فرانزک تجزیے کے بعد پتہ چلا کہ 16 نومبر 2022 کو 6 پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی یہی گروہ ملوث تھا۔