فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سےنکالنےسےمتعلق فیصلہ محفوظ

May 15, 2023 | 10:54 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سےنکالنےسےمتعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت جسٹس انوار الحق پنوں نے کی۔

فرخ حبیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 28 اپریل کو دبئی جانا چاہتا تھا، لاہور ایئرپورٹ پر مجھے جہاز سے اتار دیا گیا، مجھے بتایا گیا کہ میرا نام نو فلائی لسٹ میں شامل ہے، ایئرپورٹ پر مجھ سے میرا پاسپورٹ اور سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، میرا نام ای سی ایل میں سیاسی وابستگی کی وجہ سے شامل کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پاسپورٹ اور سامان واپس کرنے کا حکم دے، عدالت وفاقی حکومت کو نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔ درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

عدالت نے فرخ حبیب کانام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کو دلائل کیلئے طلب کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو بیرون ملک جانے سے روکتے ہوئے ان کا سامان بھی قبضے میں لے لیا تھا۔

مزیدخبریں