فٹبال ٹورنامنٹ، پاکستانی ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی

May 15, 2023 | 10:51 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: کرکٹ میں تناؤ کے باوجود پاکستان، بھارت سے کھیل کے روابط جوڑے رکھنے کی پالیسی پر کارفرما ہے ،ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم بھارت جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان کی شرکت میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں کے ہمراہ لبنان اور کویت کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔ساف ایگزیکٹیو کمیٹی نے رواں برس مارچ میں ساؤتھ ایشین ریجن سے باہر کی ٹیموں کو بھی ایونٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد ایونٹ کو زیادہ مسابقتی بنانا تھا۔

آل انڈیا فٹبال کے سیکریٹری جرنل شاجی پربھاکرن کا کہنا ہے کہ ساف چیمپئن شپ میں پاکستان سے پلیئرز کی آمد اور ایونٹ میں شرکت پر ہمیں کوئی پریشانی دکھائی نہیں دیتی، ان سے پوچھا گیا کہ دونوں ملکوں میں سیاسی تناؤ کی فضا میں پاکستانی پلیئرز کو ویزوں کے اجرا میں کوئی مسائل تو درپیش نہیں ہوں گے۔جس پر انھوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارت کی برج ٹیم نے پاکستان میں منعقدہ علاقائی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی لہذا ہم بھی توقع رکھتے ہیں پاکستانی شرکا کو ساف ایونٹ میں شرکت کیلئے ویزوں کے اجرا میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ بھارت، پاکستان، لبنان اور کویت کے علاوہ دیگرشریک چار ملکوں میں نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور مالدیپ شامل ہیں۔

فیفا کی جانب سے پابندی کے سبب سری لنکن ٹیم ایونٹ میں شامل نہیں ہوگی جبکہ افغانستان نے چند برس قبل ساف کو چھوڑ کر سینٹرل ایشین فٹبال فیڈریشن میں شمولیت اختیار کرلی ہے.پاکستان اس سے قبل منعقدہ 2 ایڈیشنز میں شرکت نہیں ہوپایا ہے۔

مزیدخبریں