ایک نیوز :وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو ) کے دوران پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت نے قومی مفادات کی پاسداری اور خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعہ کو کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
دورے کے دوران وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے فوجی قیادت سے قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور عسکری تیاریوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہیں موجودہ سیکیورٹی صورت حال، خطرات، سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور قربانیوں کو سراہا اور ملک کی جغرافیائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کے عزم اور کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عروج پر پہنچنا پاکستان کا مقدر ہے اور پاکستان کے اس پرامن عروج کو یقینی بنانے میں مسلح افواج کا کردار ضروری اور انتہائی اہم ہے۔
آرمی چیف نے دورے اور پاک افواج پر اپنے بھرپور اعتماد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔دورے کے اختتام پر سویلین اور عسکری قیادت نے قومی مفادات کی پاسداری اور خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔