وزیراعظم شہبازشریف نے امریکا کے سامنے عافیہ صدیقی کا مسئلہ اٹھا دیا

Mar 15, 2024 | 19:18 PM

ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے امریکا کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھادیا ۔

تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے  ملاقات کی ،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق  وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں پر گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے میکرو اکنامک اصلاحات پر توجہ دے گی،  وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالتے کہا کہ کونسل پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے،  ملاقات کے دوران دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی ، افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر بھی غور کیا گیا ،وزیراعظم نے امریکی سفیر کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ بھی اٹھا یا ، ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی  اور کہا کہ امریکہ پاکستان کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے۔

مزیدخبریں