ایک نیوز :عالمی منڈی میں کمی کے باوجود مہنگائی کی ماری عوام پر حکومت نے رات گئے پیٹرول بم گرادیا۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5روپے اضافہ کردیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 272روپے ہوگئی۔وفاقی وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 293 روپے فی لیٹر ہوگی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 2 روپے 56 پیسے اضافے کے بعد 190 روپے 29 فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔عالمی آئل مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 6.39 فیصد کمی کے بعد 66.77 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 6 فیصد کمی سے فی بیرل 72.80 ڈالر پر آگئی ہے۔
اس کے علاوہ گیس کی قیمت میں بھی ساڑھے چھ فیصد کمی ہوئی ہے۔ عالمی منڈی میں کوئلے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کی شرائط ہیں۔