ایک نیوز: صارفین کیلئے بڑی سہولت متعارف کرادی گئی۔ صارفین کو جی میل پر خود ای میل تحریر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ورک اسپیس ایپس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی ٹولز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
کمپنی حکام کا کہناہے کہ اے آئی فیچرز کو سب سے پہلے جی میل اور گوگل ڈاکس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ جس سے لوگوں کو ای میلز یا دیگر تحریری کام کرنے میں مدد مل سکے گی۔ گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ صارف کو بس یہ بتانا ہوگا کہ وہ کس موضوع پر لکھنا چاہتا ہے اور اے آئی ٹیکنالوجی فوری طور پر آپ کیلئے مضمون یا ای میل کو تحریر کر دے گی۔
کمپنی حکام کامزید کہناہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے تیار کردہ مسودے کو صارف اپنی مرضی سے ایڈٹ کرکے استعمال کر سکے گئے۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق اس سے صارف ملازمت کی درخواست یا دعوت نامے تحریر کرا سکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے سلائیڈز، شیٹس، گوگل میٹ اور چیٹس میں بھی اے آئی ٹولز کو شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ ورک اسپیس ایپس کیلئے اے آئی ٹولز ابتدائی طور پر محدود صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ اور آنے والے مہینوں میں ان کو تمام صارفین کیلئے متعارف کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت کے بعد سے گوگل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو مختلف سروسز کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے بنگ سرچ انجن میں اے آئی چیٹ بوٹ کو شامل کرنے کے اعلان کے بعد گوگل نے بھی بارڈ چیٹ بوٹ کو متعارف کرایا تھا۔
جی میل پر خود ای میل تحریر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی
Mar 15, 2023 | 23:42 PM