ایک نیوز:وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے عمان سے ڈی پورٹ کیے گئے افغان باشندے نور اسلام کو لاہور ائیر پورٹ پر گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم فلائٹ نمبر WY343 سے لاہور پہنچا اور کارروائی ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے کی، دوران تلاشی ملزم سے افغانی پاسپورٹ اور جعلی پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے پاکستانی پاسپورٹ پر ملازمت کے غرض سے ایران سے عمان جانے کی کوشش کی تھی ، جعلی پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرنے پر ملزم کو عمان سے ڈی پورٹ کیا گیا ۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق افغانستان کابل سے ہے، ملازمت کیلئے پشاور کے ایجنٹ کو 4 لاکھ 35 ہزار روپے ادا کرکے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا۔
ایف آئی اے نے مزید کہا کہ ملزم نے رقم ایجنٹ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروائی تھی، ملزم واٹس ایپ نمبر کے ذریعے ایجنٹ سے رابطے میں تھا، ملزم کو قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔