ایک نیوز:ایچ بی ایل پی ایس ایل ( پاکستان سپر لیگ) کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے84رنز سے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 76 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور عثمان خان نے اننگز کا آغاز کیا مگر لاہور قلندرز کے بولرز نے ملتان کے بیٹرز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور سلطانز کو پہلا نقصان 53 رنز پر ہوا جب پی ایس ایل کے تیز ترین سنچری میکر عثمان 28 گیندوں پر 29 رنز بنا کر حارث کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
رائیلی روسو بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ محمد رضوان نے 29 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ راشد خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے، انہوں نے پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنے 500 رنز مکمل کیے۔
کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹم ڈیوڈ 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ زمان خان اور راشد خان کے حصے میں آئی، کپتان شاہین شاہ آفریدی 4 اوورز میں 47 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ
لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور آغا طاہر بیگ نے کیا لیکن 15 رنز پر پہلے آغا طاہر آؤٹ ہوئے اور پھر ایک گیند بعد عبد اللہ شفیق بھی کوٹریل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ 19 کے مجموعے پر فخر زمان کو انور علی نے بولڈ کر دیا۔
شاہین شاہ آفریدی بھی 28 رنز پر کوٹریل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 41 رنز پر حسین طلعت رن آؤٹ ہو گئے اور اس طرح قلندرز کی آدھی ٹیم دسویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔
سکندر رضا کو کیرون پولارڈ نے عباس آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جبکہ سیم بلنگز 27 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیل کر احسان اللہ کا شکار بنے، راشد خان بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل کھیلے گی جبکہ آج کا میچ ہارنے والی ٹیم پہلا ایلیمنیٹر ہارنے والی ٹیم کے ساتھ دوسرے ایلیمنیٹر میں مدمقابل ہو گی اور پھر جو بھی ٹیم دوسرا ایلیمنیٹر جیتے گی وہ فائنل میں کوالیفائر جیتنے والی ٹیم کا سامنا کرے گی۔