ایک نیوز: زمان پارک آپریشن میں ناکامی ، آئی جی گلگت بلتستان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
آئی جی گلگت بلتستان محمد سعید کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ وفاقی حکومت نے گریڈ 20 کے علی خٹک کو نیا آئی جی گلگت بلتستان تعینات کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
واضح رہے کہ محمد سعید پر زمان پارک سے پولیس اہلکاروں کو واپس نہ بلانے کا الزام ہے۔
وفاقی حکومت نے نئے آئی جی کو زمان پارک سے فوری طور پر پولیس اہلکار واپس بلانے کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز کیے جانے والے پولیس آپریشن میں پنجاب اور گلگت بلتستان کی پولیس آمنے سامنے آگئی تھیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے آپریشن کے دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے بھی کارکنان پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائرکیے۔
گزشتہ روز پولیس کی بھاری نفری آپریشن کرتے ہوئے زمان پارک کے گیٹ تک جا پہنچی تھی لیکن جیسے ہی پولیس اہلکار عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب پہنچے تو وہاں گلگت بلتستان پولیس کے گن مین اور اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے پنجاب پولیس پر گنیں تان لیں جس کے باعث پولیس کو زمان پارک سے باہر نکلنا پڑا، پولیس اہلکار اپنی جان بچانے کے لیے وہاں سے بھاگ نکلے۔
نمائندہ کے مطابق دو صوبوں کی پولیس کے آمنے سامنے آنے پر رینجرز کو طلب کیا گیا۔