معاشی صورت حال کے پیش نظر مشہورکمپنی کا پلانٹ بند کرنےکا اعلان

 معاشی صورت حال کے پیش نظر مشہورکمپنی کا پلانٹ بند کرنےکا اعلان

ایک نیوز: کورین کیمیکل کمپنی نے آج سے پلانٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ  کے مطابق ملک کی خراب معاشی صورت حال اور  مرکزی بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی عدم فراہمی کی وجہ سے کورین ملٹی نیشنل کمپنی نے پلانٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کیمیکلز تیار کرنے والی کورین کمپنی ’لوٹے کیمیکل کارپوریشن‘ نے کراچی میں پورٹ قاسم پر پلانٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا ہے۔

کمپنی کے سیکریٹری کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک خط ارسال کیا گیا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورت حال اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے خام مال کی در آمد کے لیے زرمبادلہ کی عدم فراہمی کام میں رکاوٹ ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ ’’بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ نہ کھولے جانے کے باعث کمپنی کے لیے پلانٹ میں پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنا نا ممکن ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کمپنی نے کراچی میں واقع اپنا پلانٹ 15 مارچ سے غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ خام مال کی در آمد کے لیے زرمبادلہ کی عدم فراہمی کے باعث مقامی کار ساز اسمبلرز پہلے ہی اپنی پیداوار عارضی طور پر معطل کر چکے ہیں۔ موبائل فون بنانے والے مقامی کمپنی ٹیکنو پاکستان سمیت دیگر بعض کمپنیاں اپنی پیداواری سرگرمیاں معطل یا کم کر چکی ہیں۔