ایک نیوز: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں انہیں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رینجرز نےپولیس کو لیڈ کرنا شروع کر دیا ہے۔ کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی اسلام آباد پولیس زمان پارک سے عمران خان کو اب تک گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ زمان پارک کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیر رکھا ہے جب کہ قصور ،گوجرانوالا اور شیخوپورہ سے پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی ہے۔
پولیس کا تین اطراف سے زمان پارک کا گھیراؤ
عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تینوں اطراف سے زمان پارک کا گھیراؤ کرلیا ہے، دھرم پورہ، سندرداس روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان چھڑپیں رات بھر جاری رہیں۔ کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردی جبکہ پولیس کارکنوں کو منتشرکرنےکے لیے واٹر کینن کا استعمال کر رہی ہے اور آنسوگیس کی شیلنگ کر رہی ہے۔پولیس کی ایک بکتر بند گاڑی دھرم پورہ سے زمان پارک میں داخل ہوگئی، مال روڈ سے زمان پارک جانے والے راستے کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
پولیس پر ڈنڈا بردار کارکنان کا حملہ
عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک کے باہر موجود پولیس نے پیش قدمی کی تو پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھراؤ کیا اور غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے اور مارو مارو کے نعرے بھی لگائے۔پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری سمیت 33 پولیس اہل کار اور ایک عام شہری سمیت 34 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہرین کی جانب پولیس کی واٹر کینن بھی جلادی گئی اور پولیس گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا ٹریفک وارڈنز کی موٹرسائیکلیں جلادیں، ریسکیو 1122 کا فائر ٹینڈر آگ بجھانے پہنچا تو کارکنوں نے اسے بھی آگ لگادی۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے مال روڈ پر بھی توڑپھوڑ کی جہاں فینسی لائٹیں توڑ دیں۔ پی ایس ایل کے لیے لگائی گئی سکیورٹی لائٹیں بھی توڑدی گئیں۔ جنگلےاکھاڑ دیے، فٹ پاتھ پر لگی ٹف ٹائلیں توڑ کر پولیس پر پتھراؤ کیا۔
پولیس نے بھی جوابی ایکشن کرتے ہوئےکارکنوں پر لاٹھی چارج کیا اور پانی کی توپ سے دھلائی کی اور پی ٹی آئی کے 15 سے زائد کارکنان گرفتار کرلیےگئے۔
عمران خان کی گرفتاری سے بچنےکیلئےکارکنوں کوکال
عمران خان نے صبح ساڑھے 4 بجے کے ویڈیو بیان میں کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی اورکہا کہ انہوں نے 18 مارچ کو عدالت میں پیشی کی انڈر ٹیکنگ دی ہے۔شورٹی انڈرٹیکنگ لاہور ہائی کورٹ بارکے صدر اشتیاق اےخان کے حوالےکی مگر ڈی آئی جی نے ان سے ملاقات ہی نہیں کی۔ انڈر ٹیکنگ کے بعد پولیس کے پاس کارروائی کا کوئی جواز نہیں ، لندن پلان میں معاہدہ ہوا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالنا ہے۔
انٹرویوز میں گرفتاری دینےکے اعلانات
برطانوی نشریاتی ادارےکو انٹرویو میں عمران خان نےکہا کہ جیل جانے کے لیے تیار ہوں، پتا نہیں کہ جیل میں کیا ہوگا، مگر میں تیار ہوں، اس کا مجھے یا میری سیاست کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ایک اور بر طانوی ٹی وی کو انٹر ویو میں کہا کہ یقین ہےکہ اس بار مجھے گرفتارکرلیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد الیکشن سے پہلے مجھے راستے سے ہٹانا ہے۔
PTI Chairman @ImranKhanPTI’s interview to BBC World News: #Fascist_PDM pic.twitter.com/xrLrtIDYGZ
— PTI (@PTIofficial) March 14, 2023
آپریشن نہیں عدالتی حکم پر عملدرآمدکرایا جارہاہے: آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےکہا ہےکہ زمان پارک میں آپریشن نہیں ہو رہا بلکہ عدالتی حکم پر عمل درآمدکرایا جا رہا ہے۔ پولیس پرپتھراؤ کیا گیا، پیٹرول بم مارےگئے، پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، ڈی آئی جی بھی زخمی ہوگئے، پولیس غیر مسلح ہے لیکن پتھراؤ کیا جا رہاہے، رکاوٹ کو دور کریں گے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ طوفان بدتمیزی جاری رہا تو گرفتاریاں ہوں گی اور مقدمےکیے جائیں گے ۔
عمران خان کی گرفتاری کا معاملہ۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) March 14, 2023
پی ٹی آئی مظاہرین کا پولیس پر شدید پتھراؤ۔
ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد سمیت اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے پانچ اہلکار زخمی۔
پتھراؤ عمران خان کے گھر کی چھت سے کیا گیا۔
پتھراو کے باوجود پولیس نے انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز کیا۔ ⬇️
لاہور کے مختلف علاقوں میں آج اسکول بند
کمشنرلاہور نے آج شہر کے مختلف علاقوں میں اسکول اورکالج بند رکھنے کا اعلان کردیا۔آج مال روڈ، دھرم پورہ، جیل روڈ،گڑھی شاہو کے اسکول اورکالج بند رہیں گے۔کمشنرلاہور کا کہناہےکہ آج مغل پورہ اور میاں میرکے اسکول اورکالج بھی بند رہیں گے۔