ایک نیوز: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ زمان پارک میں آپریشن نہیں ہو رہا،عدالتی حکم پر عمل درآمدکرا یاجا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ زمان پارک لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، پیٹرول بم مارے گئے ،پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، ڈی آئی جی بھی زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس غیر مسلح ہے لیکن پتھراؤ کیا جا رہا ہے، رکاوٹ کو دور کریں گے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس مکمل طور پر تیار ہے، مزید نفری طلب کرلی گئی ہے ،عدالتی حکم نافذ کرنا ہے ،ہم کارروائی کم سے کم نقصان میں کرنا چاہتے ہیں، طوفان بدتمیزی جاری رہا تو گرفتاریاں ہوں گی اور مقدمے کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم رکاوٹ کو دور کریں گے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے،پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے پر دہشتگردی کا مقدمہ بنتا ہے، اگر کسی خاص کے لیے عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوگا تو یہ عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کوئی کاری ضرب لگائے بغیر ہماری کوشش ہے کہ عدالتی حکم پر عمل ہو،پولیس کے پاس ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں، رکاوٹ بننے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ہم کسی شخص کو بلاوجہ تنگ نہیں کرنا چاہتے ،اگر پولیس کو مارنے کے لیے کسی کو اکسایا جائے تو پھر گرفتاری کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ والدین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں یہ عدالتی عمل ہے ، نوجوان بھی سمجھیں، اگر قانونی نظام میں رکاوٹ بنیں گے تو قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کئی گھنٹوں سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک کے باہر موجود پولیس نے پیش قدمی کی تو پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھراؤ کیا، غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے ، مارو مارو کے نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری سمیت 14 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بھی جوابی ایکشن لیا اور کارکنوں پر لاٹھی چارج ، پانی کی توپ سے دھلائی اور شیلنگ کی، کچھ شیل عمران خان کے گھر کے اندر بھی گرے۔