ایک نیوز: حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا، عازمین میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے مسجدالحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد خطبہ حج دیں گے۔
خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا ،حج کا خطبہ سننے کے بعد عازمین مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے ،عازمین گزشتہ روز منیٰ پہنچے تھے، انہوں نے رات منیٰ میں قیام کیا تھا۔
اس سال دنیا بھرسے20لاکھ سے زائد افرادفریضہ حج ادا کررہے ہیں، وقوف عرفات کےبعدحجاج کرام مغرب کے وقت میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے ،حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گےاورکنکریاں اکٹھی کریں گے،شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعدحجاج کرام کل قربانی کریں گے۔
کل صبح حجاج کرام کی منیٰ میں واپسی ہوگی جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے کےبعد وہ جانور قربان کر کے سنت ابراہیمی ادا کریں گے، اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جبکہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔
حجاج کرام 16 جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے، 17 جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے،18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔
سعودی عرب میں عازمین حج کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی،منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفان میں 3بڑے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں، خیمہ بستیوں میں مختلف مقامات پر ڈسپنسریاں بھی قائم کردیں گئی ہیں۔ موبائل ہیلتھ یونٹس بھی موجود رہیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا تھا،دنیا بھر سے20لاکھ عازمین حج کیلئے مکہ مکرمہ پہنچےتھے، ان میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین بھی فریضہ حج ادا کریں گے ،اس سال تقریباً 4لاکھ مقامی عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔
عازمینِ حج آج رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے عرفات روانہ ہونگے
Jun 15, 2024 | 10:01 AM