ایک نیوز:آئی سی سی ٹی20ورلڈ کپ سے باہر ہونے پرقومی ٹیم کے سابق کپتان محمدحفیظ نےسماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’ پاکستانی کرکٹ کا المیہ، اعلیٰ حکام ٹیم کی کارکردگی کا کریڈٹ تو لیتے ہیں مگر ذمہ داری نہیں لیتے ہیں۔
سابق قومی کرکٹر محمد حفیظ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بکروں کے ایموجیز ڈال کر پاکستان کرکٹ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’قربانی کے بکرے حاضر ہوں‘۔
دوسری جانب سابق فاسٹ بولرشعیب اختر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ورلڈکپ میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا، ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان گروپ اے کا اہم میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا جس کے بعد پاکستان سپر 8 مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھااور میزبان امریکا اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
لاڈرہل فلوریڈا میں ہونے والا یہ اہم میچ بارش کیوجہ سے تاخیر کا شکار رہا اور ٹاس بھی نہیں ہوسکا، امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے شروع ہونا تھاتاہم مسلسل بارش کی وجہ سے میچ پہلے کافی تاخیر کا شکار ہوا اور پھر منسوخ کردیا گیا۔
بارش کی وجہ سے کھیل نہیں ہوا اوردونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جس کے بعد گروپ اے میں امریکا 5 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گیا ہے جبکہ پاکستان اپنے گروپ کا آئرلینڈ کیخلاف آخری میچ کھیلنے سے پہلے ہی ورلڈکپ سے باہر ہوگیا۔