آذر بائیجان ہر ماہ پاکستان کو رعایتی قیمت پر ایل این جی فراہم کرے گا، معاہدہ طے 

Jun 15, 2023 | 23:49 PM

ایک نیوز :آذر بائیجان ہر ماہ پاکستان کو رعایتی قیمت پر ایل این جی فراہم کرے گا، معاہدہ طے  پاگیا۔دونوں ممالک کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، آذربائیجان کے صدر الہاف عالیوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آذر بائیجان کی ائیر لائن اسلام آباد کے لیے پرواز شروع کر رہی ہے، آذربائیجان کی آذر ائیر لائن اسلام آباد اور کراچی کے لیے دو پروازیں چلائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا آذربائیجان کو چاول کی برآمد میں اضافہ چاہتے ہیں، امید ہے پاکستانی باسمتی چاول باکو میں بھی دستیاب ہوں گے جبکہ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے روسی زبان میں بات چیت سے مہمانوں اور میزبانوں کو خوشگوار سرپرائز دیا، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی روسی زبان میں گپ شپ کی۔

 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان سے اگلے ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے، کابینہ نے آذربائیجان سے ایل این جی پاکستان لانےکی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ 6 ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، آذربائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی قیمت پر ایک ایل این جی کارگو پاکستان بھجوائے گی۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کا توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ، دفاع، سرمایہ کاری و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنےمیں تعاون کرےگا، آذربائجان پاکستان کی تیل و گیس کے شعبے میں مدد کرے گا۔

صدر الہام علیوف کا کہنا تھا آذربائیجان پہلے ہی پاکستان سے درآمدی چاول پر امپورٹ ڈیوٹی سے استثنیٰ دے چکا ہے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ شمسی توانائی کے شعبے میں آذربائیجان پاکستان میں سرمایہ کاری کرےگا، دفاع کے شعبے میں تعاون کو بڑھایا جائے گا۔

مزیدخبریں