ایک نیوز:ریڈیو پاکستان کے ملاز مین کی تنخواہ،پنشن کی عدم ادائیگی پرقائمہ کمیٹی میں گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5فیصد ریڈیو ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کردی گئی۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہواجس میں ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے تجویز پیش کی کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5 فیصد ریڈیو ٹیکس لگایا جائے۔کمیٹی نے گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5 فیصد ریڈیو ٹیکس کی تجویز کی حمایت کردی۔
سینیٹرعرفان صدیقی نے بجلی کے ماہانہ بلوں میں پی ٹی وی فیس 35 روہے سے بڑھا کر 50 روپے کرنے بھی تجویز دیدی۔
عرفان صدیقی کاکہنا تھاکہ 35 روپے پی ٹی وی کو دیئے جائیں اور 15 روپے ریڈیو کو دیئے جائیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی کامزید کہنا تھا کہ ریڈیو ملازمین کو تین ماہ سے پوری تنخواہ نہیں ملی۔ریڈیو پاکستان کا نائب قاصد 10 ہزار روپے پنشن نہ ملنے کی وجہ سے حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ آئی ایم ایف یہ چاہتا ہے کہ ٹیکس چھوٹ نہ دی جائے۔آئی ایم ایف کو اس سے متفق ہونے کیلئے بریفنگ دیں گے۔ہم ایک خودمختار ملک ہیں ہمیں اتنا حق تو ہم اپنے فیصلے خود کریں۔ٹیکس چھوٹ نہیں دیں گے تو شرح نمو کیسے بڑھے گی۔ریونیو نہیں آئے گا تو ملک کیسے چلے گا۔آئی ٹی کی برآمدات کو آئندہ پانچ سالوں میں 15 ارب ڈالر تک لیکر جائیں گے۔
اسحاق ڈار کامزید کہنا تھا کہ زرعی شعبے کو آئندہ مالی سال 2250 ارب روپے کے زرعی قرضے دیئے جائیں گے۔رواں مالی سال 1750 ارب روپے کے زرعی قرضے اب تک جاری کئے جاچکے ہیں۔