ایک نیوز: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے اے سی سی ایشیا کپ 2023 کے لیے اپنا ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے پر ایشین کرکٹ کونسل کا شکریہ ادا کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2008 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی کثیر ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ پندرہ سال پہلے، پاکستان نے چھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ایشیا کپ 50 اوور کا ٹورنامنٹ کامیابی سے اپنے نام کیا تھا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ "میں خوش ہوں کہ اے سی سی ایشیا کپ 2023 کے لیے ہمارا ہائبرڈ ورژن قبول کر لیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پی سی بی ایونٹ کے میزبان کے طور پر پاکستان میں سری لنکا کے ساتھ نیوٹرل وینیو کے طور پر میچز جاری رکھے گا، جس کی ضرورت بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کا سفر نہ کرنے کی وجہ سے تھی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ"ہمارے پرجوش شائقین 15 سالوں میں پہلی بار بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں ایکشن میں دیکھنا پسند کریں گے لیکن ہم بی سی سی آئی کے موقف کو سمجھتے ہیں۔ پی سی بی کی طرح بی سی سی آئی کو بھی سرحدیں عبور کرنے سے پہلے حکومت کی منظوری اور کلیئرنس کی ضرورت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ رواں سال کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر 2023 تک منعقد ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں جو مجموعی طور پر 13 دلچسپ ون ڈے میچوں میں حصہ لیں گی۔