ایک نیوز: آٹھ مارچ سے نو مئی تک سوشل میڈیا پر شرانگیز مواد کی شئیرنگ کرنے والے اہم سیاسی رہنماؤں کے سوشل میڈیا لنکس ایف آئی اے کو ارسال کر دیے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق انسٹا گرام، فیس بک اور ٹوئٹر کے 23 لنکس ایف آئی اے کو بھجوائے گئے۔ شیئر کیے گئے لنکس شاہ محمود قریشی، مراد سعید، حماد اظہر کی ویڈیوز اور تحریروں پر مبنی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لنکس پر ریاست مخالف بیانات کی ویڈیوز اور تحریروں کا فرانزک کروایا جارہا ہے۔ شرانگیز مواد پی ٹی آئی کی اہم شخصیات اور سوشل میڈیا ہینڈلرز شئیر کرتے رہے۔ لنکس کی فرانزک رپورٹس تفتیشی چالان کا حصہ بنائی جائیں گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرکے نوجوانوں کو ریاست کے خلاف اکسایا گیا۔ سیاسی رہنماؤں کے بیانات نو مئی مقدمات کی جے آئی ٹیز حتمی رپورٹ کا حصہ بھی بنائیں گی۔