ایشیا کپ ، اے سی سی نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا

ایشیا کپ ، اے سی سی نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا

ایک نیوز:ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد اے سی سی نے رواں سال کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر 2023 تک منعقد ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں جو مجموعی طور پر 13 دلچسپ ون ڈے میچوں میں حصہ لیں گی۔

اے سی سی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ 50 اوورز کا ایونٹ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا، پہلے پاکستان چار میچوں کی میزبانی کرے گا جب کہ بقیہ 9 میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔  ایشیا کپ میں دو گروپ ہوں گے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سُپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور سُپر فور مرحلے کی دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ  نے مذکورہ ماڈل کی تجویز دے کر ٹورنامنٹ کو بچانے کی آخری کوشش کی تھی۔پی سی بی نے ٹورنامنٹ کی میزبانی دو مرحلوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی تھی۔ پہلا مرحلہ یہ تھا کہ بھارت کے علاوہ تمام ٹیموں کو کم از کم ایک میچ پاکستان میں کھیلنا ہوگا۔

بی سی بی کی جانب سے تجویز کردہ دوسرا مرحلے میں تھا کہ ایونٹ کا بقیہ حصہ متحدہ عرب امارات  یا دوسرے غیر جانبدار مقام پر کھیلا جائے جہاں بھارت بھی شرکت کرے گا۔

 
 

اپنا ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے کی صورت میں پاکستان نے ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔

اے سی سی کی جانب سے میزبانی کے حقوق ملنے کے بعد سے بھارت نے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

جب کہ ایسی اطلاعات بھی تھیں کہ سری لنکا ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے پسندیدہ مقام کے طور پر ابھرا تھا جس کی تصدیق اے سی سی کے آج کے اعلان میں ہوئی۔