ایک نیوز: بھارت کی ریاست منی پور میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین واقعہ میں ریاست کے اقلیتی قبیلے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون وزیر نیمسا کیپگن کا گھر نذر آتش کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد نے ریاستی کابینہ کی رکن کی مغربی امپھال میں واقع سرکاری رہائش گاہ کو نشانہ بنایا اور اس میں آگ لگائی جس سے گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
نیمسا کیپگن شورش کی شکار ریاست کی کابینہ کی واحد خاتون رکن ہیں اور ان کا تعلق کوکی قبیلےسے ہے۔ مشتعل افراد نے جس وقت ان کے گھر کو آگ لگائی اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔
فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا اور آگ کو قریب واقع دیگر عمارتوں تک پہنچنے سے روکا۔ کسی بھی گروپ نے آگ لگانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
Suspected Meitei militants are at it again! They burn down the official residence of tribal leader and Manipur minister Nemcha Kipgen in Imphal today at around 6:30 PM. How can Chief Minister Biren Singh and his band of radical outfits call for peace when the official residence… pic.twitter.com/h7wPf1PjBm
— Manipur Tribals' Forum Delhi (@mtfdelhi) June 14, 2023
نیمسا کیپگن کا تعلق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہے اور وہ ریاستی اسمبلی کے ان 10کوکی ارکان میں شامل ہیں جو کوکی قبیلے کے لیے الگ انتظامیہ کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وہ گزشتہ برس ریاستی الیکشن میں اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ ان انتخابات میں بی جے پی نے اکثریت حاصل کی تھی اور ریاست میں اس کی اتحادی حکومت ہے۔
دوسری جانب ریاست کے دوسرے علاقوں میں بھی پر تشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کانگپوکپی میں ایک اور واقعے میں نو افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی افراد فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق کس قبیلے سے تھا۔
ضلع کانگپوکپی کے کئی دیہات میں لوگوں کے گھر بھی نذر آتش کیے گئے ہیں۔
ریاست کے مختلف علاقوں میں فورسز کا سرچ آپریشن بھی جاری ہے جس میں کئی مقامات سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
منی پور میں نسلی فسادات ریاست کی اکثریتی آبادی میتی اور پہاڑوں پر آباد قبیلے کوکی کے درمیان ہو رہے ہیں۔
بھارت کی شمال مشرق کی دور دراز ریاستیں، جو بنگلہ دیش، چین اور میانمار کے ساتھ واقع ہیں، طویل عرصے سے مختلف نسلی گروہوں کے درمیان تناؤ کا مرکز رہی ہیں۔
حالیہ واقعات میں کوکی اور میتی کمیونیٹیز ایک دوسرے پر حملے کر رہی ہیں۔ اور دونوں جانب اموات ہو رہی ہیں، مرنے والوں میں اکثریت کوکی قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے ۔
پر تشدد واقعات میں کئی گاؤں جلائے جا چکے ہیں۔دونوں نسلی گروہ حملوں اور پر تشدد واقعات کا الزام ایک دوسرے پر عائد کر رہے ہیں۔
ریاست منی پور کے 16 میں سے11 اضلاع میں مسلسل کرفیو نافذ ہے اور گزشتہ کئی روز سے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے لیکن اس کے باوجود پر تشدد واقعات رونما ہو رہے ہیں۔