ایک نیوز: چیئر مین پی ٹی آئی کے الزامات پر ترجمان اینٹی کرپشن کا ردعمل بھی آگیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہن اور بہنوئی کے خلاف الزامات حقیقت پر مبنی ہیں،جھوٹے الزامات یا بدزبانی سے چیئر مین پی ٹی آئی حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتے۔ اینٹی کرپشن نے کبھی نہیں کہا کہ عظمی خان نے نومبر 2021 میں کوئی زمین خریدی۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ مارچ 2022 میں زمین کے انتقالات ہوئے جب چیئر مین پی ٹی آئی وزیراعظم تھے۔ نومبر 2022 میں حقیقی مالکان نے زبردستی بے دخلی پر جسٹس آف پیس کو درخواست دی۔حقیقی مالکان نے درخواست میں عظمی خان اور اسکے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی۔ مالکان نے الزام لگایا کہ عظمی خان اور انکے شوہر احد مجید انہیں زبردستی ملکیتی زمین سے بے دخل کر رہے ہیں۔ جسٹس آف پیس نے مالکان کے حق میں اور عظمی خان اور اسکے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ وہ اپنی بہن اور بہنوئی پر اینٹی کرپشن میں درج ہونے والے مقدمہ میں شاملِ تفتیش ہونے پر زور دیں۔اگر چیئر مین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کے پاس اپنے دفاع میں ثبوت ہیں تو وہ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش کریں۔ اینٹی کرپشن کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رکھے گا۔