شہر یار آفریدی کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

شہر یار آفریدی کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی کے کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

رپورٹ کےمطابق سماعت کے دوران وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ شہریار آفریدی کو اسلام آباد میں متعلقہ عدالت کے روبر و پیش نہیں کیا گیا جبکہ انھیں اس سیل میں رکھا گیا جہاں ممتاز قادری کو رکھا گیا تھا۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ شہر یار آفریدی کے ایک بازو میں بھی تکلیف ہے، مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہی۔عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ سابق وزیر کی حوالگی کیلئے محکمہ داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھا تھا جس کے باوجود شہریار آفریدی کی حوالگی نہیں دی گئی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر مناسب حکم نامہ جاری کریں گے، کیس کی دوبارہ سماعت 19 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔