ایک نیوز :حکومت پنجاب نے تحریک لبیک کالانگ مارچ روکنے کیلئے کنٹینر لگانے کا فیصلہ کرلیا ،جہلم کے قریب کئی مقامات پر کنٹینر لگا دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر ٹی ایل پی کا وفد آج وزرات داخلہ پہنچے گا۔ وفد وزیر داخلہ سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں مطالبات سامنے رکھے جائیں گے۔دوسری جانب حکومت نے پنجاب میں کنٹینر لگانے کا فیصلہ کیا۔کئی مقامات پر کنٹینر لگا بھی دئیے گئے۔ حکومت کی جانب سے یہ اقدامات مذاکرات کی ناکامی کے خدشہ کے پیش نظر کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مطالبے پر مذاکرات کا فیصلہ کیا ، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی سربراہی میں کمیٹی ٹی ایل پی کے وفد سے بات چیت کرے گی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی ٹی ایل پی کے 4مطالبات کو سنے گی،ٹی ایل پی کے جائز مطالبات کو سنا جائے گا۔ ٹی ایل پی نے جمعہ کو ”پاکستان بچاﺅ“ لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔
تحریک لبیک پاکستان کے قائد سعد حسین رضوی کی قیادت میں لانگ مارچ تحریک کے مرکزی دفتر ملتان روڈ سے روانہ ہو کر شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد جائے گا۔