ایک نیوز:رہنما جمعیت علماء اسلام حافظ حمداللہ نے پاکستان تحریک انصاف پرپابندی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل میں سوال کیا ہےکہ حکومت اس فیصلے سے عدالت کو آنکھیں دکھا رہی ہے یا طاقت کی وکالت کر رہی ہے؟
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ کیا پی ٹی آئی پر پابندی لگانےکا فیصلہ حکومت کا ہے؟ کیا اس فیصلے سے سیاسی اور معاشی استحکام آسکےگا؟ اس فیصلے سے تصادم بڑھےگا یا کم ہوگا؟
حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ فیصلے سے عوام اور ملک کو کیا فائدہ ہوگا؟ فارم 47 کی حکومت کو کیا ایسے فیصلے کرنےکا حق حاصل ہے؟ ماضی میں جن سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی گئی تھی وہ جماعتیں آج بھی موجود ہیں، ماضی میں پابندی لگانے والوں کے نام ونشان نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس فیصلے سے عدالت کو آنکھیں دکھا رہی ہے یا طاقت کی وکالت کر رہی ہے، ملک میں سیاسی، معاشی استحکام کیلئے جلدازجلدصاف،شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔