صدر مملکت کو 7 ممالک کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کر دیں

Jul 15, 2024 | 19:02 PM

ایک نیوز:صدر آصف علی زرداری کو 7 ممالک کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کر دیں، جن میں زمبابوے، تاجکستان، روانڈا، ارجنٹائن، میانمار، کمبوڈیا اور بوٹسوانا کے سفراشامل ہیں،بعد ازاں ، سفراء نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ، دوست ممالک پاکستان کے سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں، پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، پاکستان اقتصادی تعاون بڑھانے، دوست ممالک کے ساتھ تجارتی حجم کو بھرپور صلاحیت کے مطابق بڑھانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

صدر مملکت نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے کاروباری برادریوں کے مابین رابطے بڑھانے پر زور  بھی دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے سفراء کو پاکستان میں بطور سفیر تعینات ہونے پر مبارکباد دی  اور کہا امید ہے کہ نامزد سفراء باہمی طور پر فائدہ مند تعاون مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس سے قبل  سفراء کو ایوان ِصدر پہنچنے پر پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مزیدخبریں