ایک نیوز : بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جس وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دریائےجمنا میں پانی کی سطح میں کمی جاری ہے اور پانی کی سطح کم ہوکر207.68 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کا کہنا ہے کہ جمنا بیراج کے پانچوں دروازے کھولنے کے لیے کام جاری ہے، اگر بارش نہ ہوئی تو چند دنوں میں صورتحال نارمل ہوجائے گی۔ نئی دہلی کی سیلابی پانی سےگھری سڑکوں پربحالی کا آپریشن جاری ہے جب کہ اسکول،کالج اور ضروری خدمات کے علاوہ تمام دفاتر آج بھی بند رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے نئی دہلی میں آج ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ریاست آسام کے 17 اضلاع میں سیلابی صورتحال کے باعث 67 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 7 لوگوں کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ آسام میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 78 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں 4 ہزار 500 لوگوں نے پناہ اختیار کی ہوئی ہے۔