لاہور ( فیکٹ چیک )گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر سینئر صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی کی کچھ تصاویر وائرل ہیں، جن کو بنیاد بنا کر تنقید کی جا رہی ہے اور ان کی ذاتی زندگی پر کیچڑ اچھالا جا رہا ہے۔ ویڈیوز اور تصاویر کی حقیقت سامنےآگئی۔
صحافی ارشاد بھٹی کی ٹیم نےوائرل تصاویر کی حقیقت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تصاویر سینئر صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے نئے سوشل میڈیا پروگرام "دودھ پتی ود سما اینڈ بھٹی" کے پرومو شوٹ کے دوران بنائی گئی ہیں۔ پرومو شوٹ کے دوران ارشاد بھٹی کی اپنی ساتھی اینکر کے ساتھ بنائی گئی تصاویر کو غلط رنگ دے کر ان کے خلاف پراپگنڈا کیا جا رہا ہے۔
ارشاد بھٹی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نئے پروگرام کو تیار کرنے والی ٹیم نے مزید تفصیلات شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے یوٹیوب چینل 5 جولائی کو بنا جبکہ اس پر پہلی ویڈیو 6 جولائی کو اپ لوڈ کی گئی تھی، جس میں نئے سوشل میڈیا پروگرام کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور تصاویر نئے پروگرام کے پرومو کی ہیں۔