نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا اتحاد بین المسلمین کمیٹی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا اتحاد بین المسلمین کمیٹی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ
کیپشن: Caretaker Chief Minister Mohsin Naqvi's decision to give legal status to the Ittehad Bin Muslimin Committee

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اجلاس ہوا۔ جس میں تمام مکاتب فکر کے 70 سے زائد جید علماء کرام، مشائخ عظام اور نامور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے حکومت سے ہرممکن تعاون کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس سال میں کم از کم 4 مرتبہ ہوگا۔ اتحاد بین المسلمین کے فورم کو فعال اور مضبوط ہونے سے علماء کرام اورحکومت کے درمیان اشتراک کار بہتر ہوگا۔ علماء کی خدمات کی قدرکرتے ہیں، مذہبی جذبات کا احترام ضروری ہے۔ پرامن پاکستان کیلئے علماء سمیت سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

اجلاس میں سویڈن میں توہین قرآن اور بائبل کو جلائے جانے کی اجازت کے عدالتی فیصلے اور اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیل کی طرف سے پاکستان کے بارے میں ہرزہ سرائی کی مذمت کی گئی۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں 9  مئی کے واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ 

کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید سمیت تمام الہامی کتابوں کی توہین کے واقعات امن کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔ یو این ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیلی مندوب کا بیان شر انگیز اور گمراہ کن ہے۔ 9 مئی کے واقعات ملکی تاریخ کا سیاہ باب بن چکے ہیں۔ شرپسندوں نے سیاسی دہشت گردی کرکے ملکی سالمیت پر حملہ کیا۔

اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں علماء کرام، مشائخ عظام نے تجاویز پیش کیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام تجاویز کو خود نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثنا سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ میں تاخیر پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شدید اظہار برہمی کیا۔ پراجیکٹ میں تاخیر پر ایل ڈی اے کے حکام سے ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ 

سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کو  سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری ہاؤسنگ پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو فوری طور پر پراجیکٹ کا انتظام سنبھالنے کی ہدایت کردی۔ انہوں ںے کہا کہ سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔