ایک نیوز : لاہور میں صحت سے متعلق آن لائن سیمینار کے دوران کسی نے اسکرین پر ’فحش ویڈیو کلپ‘ چلادیا جس پر سیمینار میں موجود شرکا کو انتہائی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے آڈیٹوریم میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک آن لائن بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا تھا۔سیمینار میں پنجاب کے نگران وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، آئی پی ایچ کی اعلیٰ افسر زرفشاں طاہر اور ادارے کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کے مقررین کو بھی اپنے تجربات اور تجاویز سے آگاہ کرنے کے لیے آن لائن سیمینار میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام مقررین کو لاگ ان کرنے اور سیمینار میں شامل ہونے کے لیے پاس ورڈ دیا گیا تھا۔
اہلکار نے بتایا کہ سیمینار جاری تھا کہ اس دوران کسی نے لاگ اِن کیا اور اسکرین پر 30 سیکنڈ دورانیے کی بآواز فحش ویڈیو کلپ چلادیا، جس پر سیمینار میں موجود شرکا کو جن میں خواتین بھی شامل تھیں پریشانی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں آئی پی ایچ کی انتظامیہ نے ہنگامی اجلاس بلایا جہاں اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، بعدازاں اجلاس نے معاملے کو ایف آئی اے کو رپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق معاملے کی اطلاع ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو دے دی گئی ہے۔
ادارے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے درخواست کی گئی ہے کہ معاملے میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر اسےگرفتار کیا جائے۔