ترقی کا نیا باب، بلاول بھٹو نے دھابیجی اکنامک زون منصوبے کا افتتاح کردیا

Jul 15, 2023 | 13:45 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھابیجی اکنامک زون منصوبہ کا افتتاح کردیا، پراجیکٹ سے بیرونی سرمایہ کاری بھی پاکستان آئے گی۔

رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیرناصر شاہ، شرجیل میمن،میئرکراچی مرتضیٰ وہاب ، قاسم نوید، صادق میمن، جام اویس گہرام، جام عبدالکریم ، علی حسن زرداری و دیگر بھی شریک ہوئے۔تقریب میں سرکاری افسران اور مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والے تاجر ، سفارتکار اور سرمایہ کار  نے شرکت کی،۔

تقریب کا آغاز وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے  اکنامک زون منصوبے کی نقاب کشائی سے کیا۔تقریب میں منصوبے کے فوائد اور خصوصیات سے متعلق  آگاہی دی گئی۔صنعتی انفراسٹرکچر، بلاتعطل افادیت،  پائیدار طرز عمل اور ملازمتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

دھابیجی اکنامک زون پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور  ایک لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا کرے گا۔یہ منصوبہ ملک کی معاشی اور معاشرتی   ترقی کا ضامن ہے ۔دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبہ  پبلک ، پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ایک عظیم منصوبہ ثابت ہوگا۔ دھابیجی اکنامک زون کا مقصد کراچی میں جدید صنعتوں کا جال بچھانا ہے۔

دھابیجی اکنامک زون میں ابتدائی طور پر 700 ایکڑ رقبے کو فعال کیا جائےگا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری یونٹس لگائیں گے۔ منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، منصوبے میں پانچ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری اورایک لاکھ ملازمتیں ملیں گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے معاشی ترقی وخوشحالی میں اضافہ اور سرکاری و نجی اسٹیک ہولڈرز کےدرمیان تعاون پیداہوگا جبکہ قومی شاہراہ تک رسائی اورملکی ووسط ایشیائی ممالک تک سامان کی آمدورفت کے قابل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ سے بیرونی سرمایہ کاری پاکستان آئےگی اور دھابیجی زون کی تعمیرسے پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

مزیدخبریں