ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے سینئر سیاستدانوں اور پاکستان مسلم لیگ ن میں رابطوں کا انکشاف ہو اہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق جنرل سیکرٹری پرویز خٹک کے مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت سے بیک ڈور رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نے پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت کی پارٹی میں شمولیت کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔پرویز خٹک کی پارٹی میں شمولیت پر صوبائی صدر کے پی کے امیر مقام بھی راضی ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر معاملات طے پا گئے تو پرویز خٹک شہباز شریف اور مریم نواز کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔پرویز خٹک مسلم لیگ ن میں آئے تو خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے بڑے رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کو ساتھ لائیں گے۔اگر مسلم لیگ ن سے معاملات طے نہ پائے تو پرویز خٹک جمعیت علمائے اسلام(ف) سمیت دیگر سے معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔پرویز خٹک کی جانب سے پی ٹی آئی کے اندر سے اپنا الگ گروپ بنانے کی بھی کوشش جاری ہے۔