خیبر: طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، سیلابی ریلے سے2افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیرآب
کیپشن: Monsoon rains continue, floods in rivers, low-lying areas under water

ایک نیوز: ضلع خیبر اور ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، سیلابی ریلے میں بہنے والے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

بارشوں کے بعد نالوں میں شدید طغیانی ہے، جبکہ تیز ہوا کے باعث درخت اور بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

پشاور میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

موسمی صورتحال، پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کردیں: 

پی ڈی ایم اے نے موسمی صورتحال پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آج سے کل کے دوران صوبہ کے بیشتر جنوبی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ لاہور،راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

بیان میں بتایا گای ہے کہ گوجرانوالہ ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور  قصور میں بھی بارش متوقع ہے۔ شیخوپورہ ،ساہیوال،بہاولنگر ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران لاہور، گوجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال اور گجرات میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شہری بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ مسافر اور سیاح حضرات موسمی صورتحال سے مکمل آگاہ رہیں۔ بارش کے دوران شہری اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ موسم برسات میں دریاوں اور نہروں میں نہانے سے گریز کیا جائے۔ شہری بارش کے دوران تاروں، کھمبوں اور برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تمام ادارے و ضلعی انتظامیہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل رکھیں۔ نکاسی آب کے لیے ٹیمیں نشیبی علاقوں میں پہلے سے موجود ہونی چاہئیں۔

کراچی میں بارش کے بعد موسم سہانا:

کراچی کے مختلف علاقوں میں بادلوں کا راج ہے۔ کئی علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے 19 جولائی سے مون سون کے دوسرے سپیل کی پیش گوئی کی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 33 سے35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب71 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب سےچلنےوالی ہواوں کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے،کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی،مختلف علاقوں میں صبح کےاوقات میں ہلکی بارش اوربوندا باندی ہوئی۔

فیڈرل بی ایریا،لیاقت آباد،مزارقائد،لائٹ ہاوس،شاہراہ فیصل پربوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گرومندر،خداد کالونی، پی ای سی ایچ ایس، بہادرآباد، طارق روڈ پربونداباندی ہوئی۔

لاہور کے کئی علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا:

لاہور میں مون سون کی ایک اور بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ شہر بھر کے زیادہ تر علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ جس سے شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ 

اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، چونیاں،عارف والا اور دیگرعلاقوں میں بادل کھل کر برسے۔

رینالہ خورد: بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، 3 افراد زخمی

مون سون کی بارش رینالہ خورد میں شہری کیلئے زحمت بن گئی۔ نواحی عدلاقے 12 ون اے ایل میں گھر کی چھت گرگئی۔ جس کے نتیجہ میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر کی چھت خستہ حالی کے باعث گری۔ 2 لڑکیوں سمیت 3 بچے چھت کے ملبے تلے دب گئے۔ 

ریسکیو1122 نے بچوں کو ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کی شناخت 17 سالہ نمرہ، 14 سالہ آصفہ اور 8 سالہ حسن منیر کے نام سے ہوئی ہے۔

سیالکوٹ: بارش کے باعث چھت گرگئی:

سیالکوٹ کے علاقے جوشن جٹاں گاؤں میں بارش کے باعث گھر کے کچن کی چھت گر گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ چھت کچی تھی۔ جو کہ بارش کے دوران گر گئی۔ جس کے نتیجہ میں ایک بزرگ خاتون اور 3 سالہ بچی زخمی ہوگئے۔ 

خاتون کی شناخت 80 سالہ حمیدہ بی بی اور بچی کی شناخت 3 سالہ عروج کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122نے بروقت پہنچ کر دونوں کو بحفاظت نکال لیا۔

رینالہ خورد میں موسلادھار بارش:

شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش  ہوئی۔ جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔

حجرہ شاہ مقیم بارش میں تیز بارش:

حجرہ شاہ مقیم شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش کے باعث موسم خوش گوار ہوگیا۔ گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

سالم میں بھی بارش:

سالم اور گردونواح میں تیز ہواوُں کے ساتھ بوندا باندی ہوئی۔ گرمی کی شدت میں کمی موسم خوشگوار ہوگیا۔

ساہیوال میں کالی گھٹائیں چھا گئیں: 

ساہیوال اور گردونواح میں کالی گھٹائیں چھا گئیں۔ جس کے بعد گرج چمک کےساتھ تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد گرمی کازور ٹوٹ گیا اور موسم سہانا ہوگیا۔

اوکاڑہ اور گردونواح میں طوفانی بارش:

اوکاڑہ شہر اور گردو نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ گلیاں محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

بارش شروع ہوتے ہی متعدد فیڈر ٹرپ کر جانے سے مختلف علاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔

چونیاں/آلہ آباد/کنگن پور اور اسکے گردونواح میں موسلا دھار بارش:

چونیاں میں تیز موسلادھار بارش کے بعد مین روڈ پر پانی جمع ہوگیا۔ جس سے بوسیدہ سیورج سسٹم ناکارہ ہوگیا۔ چونیاں میں گلیاں بازار ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے۔ تاہم میونسپل کمیٹی چونیاں کا عملہ غائب رہا۔ 

چونیاں کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ گلیوں میں پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ چونیاں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا موسم خوش گوار ہوگیا۔

تلمبہ شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش:

تلمبہ میں  بارش کے باعث موسم خوش گوار ہو گیا گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بارش کے باعث شہریوں کے چہرے خوشی کھل اٹھے۔ تاہم بارش شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی۔